Tuesday, December 7, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

ڈی جی آئی ایس پی آر کا فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹنے کا بیان بہت مناسب ہے، شاہ محمود

ڈی جی آئی ایس پی آر کا فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹنے کا بیان بہت مناسب ہے، شاہ محمود
February 8, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا، ڈی جی آئی ایس پی آر کا فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹنے کا بیان بہت مناسب ہے۔

نائنٹی ٹو نیوز سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا، ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے دیا گیا۔ وہ واضح کر چکے ہیں کہ پاک فوج اپنا آئینی کردار ادا کر رہی ہیں۔ وہ درست کہہ رہے ہیں کہ ان کی ذمہ داریوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔

اُنہوں نے اپنے بیان میں کہا، 14 نومبر 2020 کو جو ہم نے ڈوزئیر دنیا کے سامنے رکھا اس میں ان قوتوں کے حوالے سے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، جو پاکستان کو عدم. استحکام سے دو چار کرنا چاہتی ہیں۔ کچھ بیرونی قوتیں ایسی ہیں جو افغانستان کی سرزمین کو استعمال کر کے پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا اقوام متحدہ مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ نے پاکستان کے مؤقف کی تائید کر دی ہے۔ ای یو ڈس انفولیب کی حالیہ رپورٹ نے ہندوستان کو پوری طرح بے نقاب کر دیا ہے۔

شاہ محمود قریشی بولے کہ افغان امن عمل ایک نازک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ مشرقی سرحد پر بار بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، ہماری پوسٹس کو، جوانوں کو اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اس وقت بھارت کا اصلی چہرہ دنیا کے سامنے آ چکا ہے۔

اُنہوں نے کہا، جوقوتیں ان حالات میں ملک میں انتشارپھیلا رہی ہیں وہ پاکستان کے مفادت کا تحفظ نہیں کر رہیں۔ مظفرآباد میں کھڑے ہو کر جلسوں میں یہ کہنا کہ کشمیر کا سودا کر دیا گیا ہے "یہ کتنی غیر ذمہ دارانہ گفتگو ہے۔ پاکستان میں انتشار پھیلانے کا فائدہ بھارت کو ہوگا۔

اُن کا مزید کہنا تھا، پی ڈی ایم پاکستان کے مفادات کو سامنے رکھے۔ اپوزیشن جان بوجھ کراداروں اور شخصیات کو متنازع بناناچاہتی ہے۔ اگر اپوزیشن کے پاس شواہد ہیں تو سامنے لائے۔ محض قیاس آرائیوں کی بنیاد پر اداروں کی تضحیک پاکستان کے بیانیے اور ملکی مفاد کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔