Saturday, July 27, 2024

ڈیمز بنانے کی بات کی تو سازشیں شروع ہو گئیں، چیف جسٹس پاکستان

ڈیمز بنانے کی بات کی تو سازشیں شروع ہو گئیں، چیف جسٹس پاکستان
August 4, 2018
ملتان ( 92 نیوز) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا کہ  میں نے ڈیمز بنانے کی بات کی تو سازشیں شروع ہو گئیں، ملک میں صرف اور صرف کرپشن  نے راج کیا ہے ، ہمیں کرپشن کے خلاف جہاد کرنا ہوگا ،بد عنوانی کے خاتمے تک نئی نسل کا کوئی مستقبل نہیں ،بنیادی حقوق کی فراہمی شہریوں کا حق ہے۔ ملتان بار سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ ٹینکر مافیا کی وبا کراچی سے اسلام آباد پہنچ گئی  ، پانی بحران سر پر کھڑا ہے مگر پانی ذخیرہ  کرنے کیلئے ملک میں کوئی ڈیم نہیں ، ہم نے  ڈیم بنانے کی مہم شروع کی تو ساتھ  ہی مخالفت شروع ہو گئی۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں اسکول جلا دیئے گئے  ،  مجھے بتایا گیا  کہ گلگت بلتستان میں تو چوری بھی نہیں ہوتی ، کسی کا نام نہیں لیتا مگر یہ سازش کون کر رہا ہے؟۔ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے دورہ ملتان سے قبل پاکپتن میں دربار حضرت بابا فریدؒ پر حاضری دی۔چیف جسٹس نے دربار پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ منیجر اوقاف نے چیف جسٹس کی دستار بندی کی۔چیف جسٹس نے انتظامیہ کی جانب سے زائرین کے لیے پکایا گیا لنگر بھی کھایا۔