Saturday, October 1, 2022

ڈیل کی باتیں ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے کئی ٹی وی اینکرز کو بلا لیا

ڈیل کی باتیں ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے کئی ٹی وی اینکرز کو بلا لیا
اسلام آباد ( 92 نیوز) نواز شریف سے متعلق ڈیل کی باتیں کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے کئی ٹی وی اینکرز کو بلا  لیا  ،  چیف جسٹس اطہر من اللہ نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ  اینکر زکی ڈیل کی باتوں پر بہت تحمل کا مظاہرہ کر چکے ہیں ۔ نوازشریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی اور ممکنہ رہائی کو ڈیل قرار دینا ٹی وی اینکرز کو مہنگا پڑ گیا ،  چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ برہم ہو گئے ۔  جسٹس اطہر من اللہ نے کہا بڑی بدقسمتی ہے آپ جب اندازے لگاتے ہیں کہ یہ ڈیل ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ٹی وی اینکرز کو عدالت میں طلب کرکے روسٹرم پر بلایا اور کہا کیس بعد میں آتا ہے لیکن میڈیا ٹرائل پہلے شروع ہوجاتا ہے،ساری قوم کو آپ نے ذہنی مریض بنادیا،وزیراعظم اور حساس اداروں کو بھی نہیں بخشا جاتا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے پیمرا کے نمائندے کو جھاڑ پلادی اور کہا آپ نے دیکھے پروگرام؟،تماشہ بنایا ہوا ہے؟،ہرفیصلے کے بعد نیا پنڈورا باکس کھول دیا جاتا ہے ۔ جسٹس اطہر من اللہ بولے عدالت پر کیچڑ اچھالتے وقت آپ لوگ کہاں ہیں؟۔ جسٹس اطہر من اللہ نے مزید کہا عدالت سیاسی معاملات میں ملوث نہیں ہوتی،عدالت نے نجی ٹی وی کے چیف ایگزیکٹو اوراینکر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا، تین اینکرز سے جواب طلب کرلیا۔توہین عدالت کیس کی سماعت سنگل بینچ کرے گا۔