Sunday, October 2, 2022

ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی قیمت میں شدید اتار چڑھاؤ جاری

ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی قیمت میں شدید اتار چڑھاؤ جاری

لندن (92 نیوز) کل ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی قیمت کا شدید اتار چڑھاؤ جاری رہا اور چند لمحوں کے لیے اس کی قیمت 17 ہزار امریکی ڈالر کراس کر گئی۔ پھراس میں 2500 امریکی ڈالرکی کمی ہوئی کوائن ڈیسک ڈاٹ کام کےمطابق اس کی قیمت 14 فیصدکمی کے بعد 14500 ڈالر تک گرچکی ہے۔

رواں ہفتے کے دوران بٹ کوائن کی قیمت 70 فیصد تک بڑھی  اور اس کی قیمت میں ڈرامائی اضافے کو بغیر بریک کے ٹرین سے تشبیہ دی جا رہی ہے۔

بٹ کوائن کی ویلیو میں اتار چڑھاؤ سے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے، ناقدین کا کہنا ہے کہ بٹ کوائن ایک مالیاتی ببل ہے جیسا کہ ڈاٹ کام بوم تھا۔

بٹ کوائن کی قیمت میں اضافے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ رواں ہفتے کے اختتام  پر اس کی فیوچرز مارکیٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

بٹ کوائن فیوچرز اتوار سے شکاگو کی فیوچرز ایکسچینج میں متعارف کروائے جا رہے ہیں۔

 وال سٹریٹ کے اہم ترین بینکاروں اور تاجروں کی تنظیم فیوچرز انڈسٹری ایسوسی ایشن نے امریکی حکام سے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بٹ کوائن کے معاہدوں کو بغیر مکمل جانچ پڑتال کے منظور کر دیا گیا ہے۔

کرپٹو کرنسی کی صنعت میں قوانین کی عدم موجودگی کی وجہ سے اب تک بڑے سرمایہ کاروں نے اس میں پیسے نہیں ڈالے ہیں۔