ڈھاکا حملے میں ملوث دو دہشت گرد ڈاکٹر ذاکر نائیک سے متاثر تھے : بھارتی میڈیا

ممبئی (ویب ڈیسک) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیاہے کہ ڈھاکہ میں ریسٹورنٹ پرحملے میں ملوث دو دہشت گرد بھارتی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک سے متاثر تھے۔ بھارتی سکیورٹی اداروں نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے خلاف تحقیقات کابھی آغاز کر دیاہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا مسلمانوں کےخلاف زہر اگلنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔ اب ڈھاکا میں دہشت گردحملہ ہوا تو اس کا ملبہ بھی ایک نامورمسلمان سکالر پر ڈال دیا۔ بھارتی اور بنگلہ دیشی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈھاکا حملے میں ملوث دو دہشت گرد ڈاکٹر ذاکر نائیک سے متاثر تھے۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے بیٹے نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انتہا پسندی کا پیغام تھا۔ اسی طرح بھارتی ٹی وی چینل ”ٹائمز ناو¿“ بھی ڈاکٹر ذاکر نائیک پر بے بنیاد الزامات کے راگ الاپ رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے پراپیگنڈے کے بعد سکیورٹی اداروں نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
میڈیا کے مطابق گیارہ جولائی کووطن واپسی پر سکیورٹی ادارے ان سے پوچھ گچھ کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیانات اور تقریریں توڑمروڑ کے پیش کی گئی ہیں۔