پالتو پرندوں کی پرورش‘ شوق سے کاروبار تک کا سفر
راولپنڈی (92نیوز) خوبصورت‘ دلکش اور حسین رنگوں والے پرندوں کا چہچہانا کسے پسند نہیں۔ کہتے ہیں کہ شوق کا کوئی مول نہیں۔ لوگ اپنی پسند کے پرندوں پر لاکھوں خرچ کرنے سے بھی نہیں کتراتے۔ صدیوں سے کبوتر‘ بٹیر‘ طوطے‘ مرغے اور رنگ برنگے پرندوں کو پالنے کا شوق پایا جاتا ہے۔
آج کل کے جدید دور میں بھی یہ شوق کم نہیں ہوا بلکہ مزید بڑھ گیا ہے۔ راولپنڈی کے پرندوں کی مارکیٹ میں مقامی اور غیرملکی پرندے فروخت کئے جاتے ہیں جو پرندے پالنے کے شوقین افراد پانچ سو روپے سے لیکر 16 لاکھ روپے تک خرید کر اپنے گھروں کو لیکر جاتے ہیں۔
گھروں میں پرندے پالنے کے شوقین لوگوں کا کہنا ہے کہ جدید ریسرچ سے ثابت ہوا ہے کہ پرندے گھر میں رکھنے سے ڈپریشن میں کمی ہو تی ہے اور بچے بھی ایک صحت مند مشغلے میں مصروف رہتے ہیں۔ پرندے پالنا صرف شوق ہی نہیں بلکہ ایک کاروبار بھی بن گیا ہے۔
لوگ پرندے خرید کر اپنے گھروں میں لیکر جاتے ہیں اور ان کی افزائش نسل کر کے دوبارہ مارکیٹ میں فروخت کر کے رقم کماتے ہیں۔