ڈونلڈ ٹرمپ نے بارہ جون کو کم جونگ اُن سے ملاقات کی تصدیق کر دی
واشنگٹن (92 نیوز) کم جونگ ان اور ڈونلڈ ٹرمپ ملاقات پر شکوک و شبہات کے بادل چھٹ گئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بارہ جون کو شمالی کورین سربراہ کم جونگ اُن سے ملاقات کی تصدیق کر دی۔
امریکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے سابق انٹیلی جنس سربراہ کم یونگ چول وائٹ ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے صدر ٹرمپ کو کم جونگ اُن کا لکھا ہوا خط پیش کیا۔ یہ ملاقات نوے منٹ تک جاری رہی۔
صحافیوں سے گفتگو میں ٹرمپ نے تصدیق کی کہ وہ طے شدہ پروگرام کے تحت بارہ جون کو سنگاپور میں شمالی کورین سربراہ سے ملاقات کریں گے۔
ٹرمپ نے کہا کہ کم جونگ اُن کا خط کافی دلچسپ تھا۔ شمالی کوریا بھی جوہری ہتھیاروں کا مکمل خاتمہ چاہتا ہے۔
ایک سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ بات چیت کے دوران پیونگ یانگ پر مزید پابندیاں عائد نہیں کی جائیں گی ۔
اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے جارحانہ رویے کو جواز بناتے ہوئے ملاقات منسوخ کر دی تھی۔