ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے ملاقات کے لیے پُر امید
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے ملاقات کے لیے کافی پر امید نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید کرتا ہوں کم جونگ ان اپنے جوہری منصوبے کو ترک کرنے پر رضامند ہو جائیں گے۔
بارہ جون کو سنگاپور میں کم جونگ ان سےتاریخی ملاقات کے لیے ٹرمپ کافی پر امید نظر آتے ہیں۔
کینیڈا میں جی سیون سربراہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سنگاپور میں ملاقات کے لیے امن کا پیغام لے کر جا رہے ہیں ۔
ٹرمپ نے کہا امید کرتے ہیں کہ شمالی کوریا اپنے جوہری منصوبے کو ترک کرنے پر رضامند ہو جائے گا۔
امریکی صدر نے کہا اگر کم جونگ ان اپنے لوگوں کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں تو ان کے پاس یہ نادر موقع ہےجو انہیں دوبارہ نہیں مل سکے گا۔ انہیں ملاقات کے پہلے منٹ میں ہی یہ اندازہ ہو جائے گا کہ کم جونگ ان معاملات کے حل کیلئے سنجیدہ ہیں یا نہیں ۔
2011سے اقتدار میں آنے کے بعد کم جونگ اُن شاذ و نادر ہی بیرون ملک گئے ہیں لیکن جب بھی گئے ہیں تو ٹرین پر۔
ماہرین کا خیال ہے کہ کم جونگ ان شمالی کوریا سے ہوائی سفر کرنے کا خطرہ نہیں مول لیں گے اور وہ چین سے اپنی حفاظت کی گارنٹی چاہیں گے۔
کم جونگ ان ملاقات سے پہلے چین تک ٹرین میں سفر کریں گے اور پھر کسی چینی جہاز میں سنگاپور کا سفر کریں گے۔
شمالی کورین سربراہ کم جونگ اُن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان تاریخی ملاقات بارہ جون کو سنگاپور میں ہونے جارہی ہے ۔
یہ ملاقات کپیلا ہوٹل میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح چھ بجے ہو گی۔