ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان کی ملاقات منگل کو سنگاپور کے کپیلا ہوٹل میں ہو گی
شنگاپور (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے راہنماء کم جونگ ان کی ملاقات منگل کی صبح چھ بجے سنگاپور کے کپیلا ہوٹل میں ہوگی جو کسی بھی برسرِ اقتدار امریکی صدر سےشمالی کوریا کے سربراہ کی پہلی ملاقات ہو گی ۔
پوری دنیا کی نظریں اس وقت سنگاپور پر مرکوز ہیں جہاں کل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن ملاقات کریں گے۔ ملاقات کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
دونوں راہنماء ملاقات کے لیے سنگاپور پہنچ چکےہیں۔ سنگا پور کے وزیر اعظم لی لونگ نے کہا کہ ملاقات کی میزبانی پر ایک کروڑ، پچاس لاکھ ڈالر خرچ آئے گا جس میں سے نصف رقم اجلاس کی سکیورٹی پر خرچ ہو گی۔
ماضی میں دونوں راہنماؤں کے مابین دھمکی آمیز بیانات کا تبادلہ ہوتا رہا ہے لیکن منگل کو تاریخی ملاقات کے لیے دونوں راہنماء خاصے پر امید نظر آتے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ملاقات کو ’امن کا مشن‘ قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ شمالی کوریا جوہری منصوبے کو ترک کرنے پر رضامند ہو جائے گا جبکہ شمالی کوریا کے راہنماء کم جونگ ان بھی امریکہ کی جانب سے معاشی پابندیوں کو ختم کروانے کے لیے پر امید نظر آتے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ اگر طے شدہ ملاقات اچھی رہی تو وہ کم جونگ کو امریکہ آنے کی دعوت بھی دے سکتے ہیں۔
اس موقع پر دنیا بھر سے صحافیوں کی بڑی تعداد سنگاپور کے بین الاقوامی میڈیا سنٹر پہنچ چکی ہے جہاں پچیس سو سے زائد صحافی اس ملاقات کی میڈیا کوریج کریں گے۔