Saturday, July 27, 2024

ڈنمارک میں عوامی مقامات پر نقاب کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی

ڈنمارک میں عوامی مقامات پر نقاب کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی
August 1, 2018
ڈنمارک ( 92 نیوز)ڈنمارک نے اسلام مخالف اقدام اٹھاتے ہوئے ملک بھر میں عوامی مقامات پر نقاب کے استعمال پر پابندی کا قانون نافذ کر دیا، خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے کی سزا ہوگی ۔ دوسری جانب خواتین نے اپنے حق کیلئے سڑکوں پر آنے کا اعلان کردیا۔ خواتین کی آزادی کی باتیں کرنے والا مغرب خود اس ڈگر پر چل نکلا ، ڈنمارک میں خواتین کے نقاب پر پابندی کا قانون نافذ ہوگیا جس کے تحت تمام عوامی مقامات پر جانے والی خواتین اپنا چہرہ نہیں ڈھانپ سکیں گی، تاہم اس میں سر کا ڈھانپنا شامل نہیں ہے۔ پابندی کی پہلی بار خلاف ورزی پر 120 پاؤنڈ جرمانہ کیا جائے گا جبکہ چوتھی بار خلاف ورزی کرنے والی خاتون کو 1196پاؤنڈ بھرنا پڑیں گے۔ پابندی کے خلاف مسلمان خواتین نے احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ نقاب ہماری شناخت ہے ، کوئی ہمیں اس حق سے محروم نہیں کرسکتا، اس قسم کے ہتھکنڈوں اور امتیازی سلوک سے سیاستدانوں یا ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔ ڈنمارک کی پارلیمنٹ نے نقاب پر پابندی کا قانون مئی میں منظور کیا تھا ، جس کے حق میں 75 جبکہ مخالفت میں 30 ووٹ پڑے تھے۔ برقعے پر پابندی سب سے پہلے فرانس میں 2010 میں متعارف کی گئی تھی، جس کے بعد آسٹریا، بیلجیم، فرانس اور نیدرلینڈز نے بھی یہ قدم اٹھایا تھا۔