ڈاکٹر عاصم کا کھیلوں کے میدان پر قبضے کا انکشاف‘ سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر
کراچی (92نیوز) سندھ ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عاصم کی جانب سے کھیلوں کے میدان پر قبضے سے متعلق درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست میں صوبائی حکومت، ڈائریکٹر پارکس اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عاصم کی جانب سے کھیلوں کے میدان پر قبضے سے متعلق درخواست دائر کردی گئی۔
رانا فیض الحسن کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین ضیا الدین سے متصل کھیل کے میدان پر کئی سال سے قابض ہیں۔ ڈائریکٹر پارکس کی جانب سے نوٹسز جاری ہونے کے باوجود کھیل کے میدان خالی نہیں کروائے گئے۔
محکمہ بلدیات کی جانب سے دیگر تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن کیا گیا لیکن ڈاکٹر عاصم کی جانب سے زمینوں اور کھیل کے میدانو ں پر قبضے کو چھوڑ دیا گیا۔ ڈاکٹر عاصم کو ڈائریکٹر پارکس کی جانب سے 28 اگست کو کھیل کے میدان خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
عدالت کو بتایا گیا بلاک بی نارتھ ناظم آباد میں کھیل کے میدان پر جبکہ شیریں جناح کالونی میں ضیا الدین یونیورسٹی کے سامنے سرکاری روڈ پر غیرقانونی پارکنگ قائم کی گئی ہے۔ ڈاکٹر عاصم کی جانب سے کئے گئے غیر قانونی اقدامات آئین کی شق پانچ ، اٹھ ،اٹھارہ اور پچیس سے متصادم ہیں۔ کھیل کے میدانوں پر شہریوں کا حق ہے ۔
عدالت انہیں خالی کروائے۔ ڈاکٹر عاصم کے کھیلوں کے میدان پر قبضے کے خلاف درخواست میں صوبائی حکومت ، ڈائریکٹر پارکس اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔