Sunday, September 25, 2022

ڈاکٹر عاصم علاج کیلئے بیرون ملک جا سکتے ہیں، سپریم کورٹ

ڈاکٹر عاصم علاج کیلئے بیرون ملک جا سکتے ہیں، سپریم کورٹ

اسلام آباد (92 نیوز) سابق وزیر پٹرولیم اور پیپلزپارٹی کے رہنماء ڈاکٹر عاصم کو عدالت عظمیٰ سے ریلیف مل گیا۔ سپریم کورٹ نے ڈاکٹر عاصم حسین کی بیرون ملک علاج کے لئے بڑی اجازت دے دی۔
جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ڈاکٹرعاصم حسین کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ای سی ایل سے نام نکالنے کے عدالتی حکم پرعمل درآمد نہیں کیا گیا۔ وزارت داخلہ نے ای سی ایل میں نام نیب کی سفارش پر ڈالا۔ وفاق خود سے کسی شخص کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالتا۔
جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ قانون کا معیار سب کیلئے یکساں کیوں نہیں ہے؟؟؟ سنگین غداری سمیت کئی مقدمات کے ملزم باہر بیٹھے ہیں۔ باہر بیٹھ کر بہت بڑے بڑے کام ہو رہے ہیں۔ کیا بیرون ملک سے ملزمان کی واپسی کیلئے اقدامات کئے گئے؟۔ ای سی ایل میں نام ڈالنے کےلئے وفاق کا معیار ہونا چاہیے۔ قانون کا غیر مساوی اطلاق برا لگتا ہے۔
عدالت نے ڈاکٹر عاصم کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ بیرون ملک جانے کی اجازت احتساب عدالت سے لی جائے۔