ڈاکٹرعافیہ صدیقی کو امریکی جیل میں زہردیئے جانے،جنسی تشدد کی کوشش کا انکشاف
لاہور ( 92 نیوز) ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی جیل میں زہر دئیے جانے اور ان سے جنسی تشدد کی کوشش کا انکشاف ہوا ہے ، ڈاکٹر عافیہ کا کہنا تھا کہ امریکی جیل میں کیس سپروائزر اینی نیبلٹ نے ان کا اسکارف نوچا جبکہ دو ساتھیوں سے مل کر جنسی زیادتی کی کوشش بھی کی۔
امریکہ میں قید پاکستانی خاتون ڈاکٹر عافیہ صدیقی کئی برس کے بعد پہلی مرتبہ بول ہی پڑیں، ذرائع کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں واقع خواتین کی جیل فیڈرل میڈیکل سنٹر کارس ویل میں قید کی سزا کاٹنے والی پاکستانی خواتین ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے ملاقات کی ۔
روزنامہ 92 نیوز میں شائع فرحان احمد خان کی رپورٹ کے مطابق قونصل جنرل نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ سٹاف سے خوفزہ ہیں،ڈاکٹر عافیہ نے بتایا کہ انہیں اپنے وکیل کیتھےاورسٹیون پراعتماد نہیں ،قونصل جنرل کے بقول ڈاکٹر عافیہ اپنی سابق اٹارنی ٹینا فوسٹر پر اعتماد کا اظہار کرتی ہیں ۔
ٹینا فوسڑ مسلمان ہیں انہوں نے ہی عافیہ صدیقی کے بیٹے کو افغانستان کی خفیہ جیل سے بازیاب کروانے میں مدد کی تھی ۔
قونصل جنرل کے مطابق عافیہ صدیقی چاہتی ہیں کہ انہیں بھی دوسرے قیدیوں کی طرح اپنے گھر والوں سے عام ماحول میں بات کرنے کی اجازت دی جائے۔
قونصل جنرل آف پاکستان کے سوال کیا وہ چاہتی ہیں کہ انکی والدہ یا بہن ان سے ملنے جیل آئیں پر انکا کہنا تھا کہ وہ ہرگز ایسا نہیں چاہتیں۔
قونصل جنرل نے اپنی جاری کردہ رپورٹ میں لکھا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ نے دوران گفتگو متعدد مرتبہ شکایت بھی کی کہ وہ جیل میں فراہم کیے گئے کمرے سے بھی مطمئن نہیں اور انہوں نے جیل کے عملہ پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام بھی لگایا ۔