Saturday, July 27, 2024

ڈاکٹرز اپنی جان خطرے میں ڈال کر کورونا کیخلاف لڑ رہے ہیں ، شاہ محمود قریشی

ڈاکٹرز اپنی جان خطرے میں ڈال کر کورونا کیخلاف لڑ رہے ہیں ، شاہ محمود قریشی
April 18, 2020

ملتان ( 92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈاکٹرز اپنی جان خطرے میں ڈال کر کورونا کیخلاف لڑ رہے ہیں نشتراسپتال کے اسٹاف کے پاس کٹس نہیں تھیں ، اب ایک ہزار این 95 ماسک دیے  جارہے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ  یہ ایک بحران ہے جس سے پوری دنیا مقابلہ کر رہی ہے  ، ہمیں بھی ٹیکنالوجی کا سہارا لینے کی ضرورت ہے ، احساس پروگرام کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے ،ملتان میں ایک لاکھ 38 ہزار خاندانوں کو رقم مل چکی ہے،  رمضان میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھر پور کارروائی ہوگی  ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ عوام  کو کورونا اور بھوک دونوں سے بچانا ہے ، نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی اجلاس میں مشاورتی عمل سے فیصلے ہورہے ہیں جس میں  تمام جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے   شرح سود پر تاجروں کو تحفظات تھے جس پر واضح کمی کردی گئی ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ  کنسٹریکشن انڈسٹری کے لئے خصوصی اعلانات کئے گئے ہیں ،  فارن آفس میں کرائسز مینجمنٹ سنٹر  بنایا گیا ہے ،  کرائسز مینجمنٹ سنٹر سے کسی بھی ملک میں پھنسے پاکستانی رابطہ کرسکتے ہیں ، دنیا بھر میں پھنسے39 ہزار پاکستانیوں نے وزارت خارجہ سے رابطہ کیا  ہے ۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھ اکہ  ایس او پیز کے مطابق دنیا بھر سے پاکستانی شہریوں کو لایا جائیگا،  دبئی ، دوحہ ، تاشقند، لندن اور بنکاک  میں پھنسے پاکستانیوں کو ملک پہنچایا گیا ہے،  پنجاب ، سندھ اور کے پی کے حکومتوں نے ائیر پورٹ کھولنے سے انکار کردیا،  اسلام آباد ائیر پورٹ پر دنیا سے آنے والے 38 لوگوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی  ،اب صوبائی حکومتیں ائرپورٹس کھولنے پر رضا مند ہوگئیں  ۔