ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی پر ریسٹورنٹس کےخلاف کارروائی کی تصاویر سوشل میڈیا پر لگانے پر پابندی
لاہور (92نیوز) ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز کو ریسٹورنٹس کےخلاف کارروائی کی تصاویر سوشل میڈیا پر لگانے سے روک دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ڈائریکٹر فوڈاتھارٹی عائشہ ممتازکےخلاف درخواست پرسماعت ہوئی۔ تنظیم کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کیس کی پیروی کی۔
درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت عائشہ ممتاز کو ریسٹورنٹس کےخلاف کارروائی کی تصاویر سوشل میڈیا پر لگانے سے روکے۔ ان کا کہنا تھا کہ عائشہ ممتاز پسندوناپسند کی بنیاد پر کارروائی کرتی ہیں۔
بغیر معائنے کے خوراک کو مضرصحت قرار دیا جاتا ہے جبکہ اختیار نہ ہونے کے باوجود بھی ریسٹورنٹس کو سربمہر کر دیا جاتا ہے۔
عدالت نے عائشہ ممتاز کو تاحکم ثانی کسی بھی کارروائی کی تصاویر سوشل میڈیا پر لگانے سے روک دیا ہے۔