Saturday, July 27, 2024

چین کا ناکارہ سپیس سٹیشن آج کسی بھی لمحے کرۂ ہوائی میں داخل ہو گا

چین کا ناکارہ سپیس سٹیشن آج کسی بھی لمحے کرۂ ہوائی میں داخل ہو گا
April 2, 2018

 بیجنگ ( 92 نیوز ) چین کا ناکارہ سپیس سٹیشن آج کسی بھی لمحے کرۂ ہوائی میں داخل ہوگا ، جدید ترین ٹیکنالوجی بھی ملبہ گرنے کے اوقات اور مقام کا تعین کرنے میں ناکام ہوگئی ، بھارتی سائنسدانوں نے بھی اپنے ایک جاسوس سیٹلائٹ سے رابطہ منقطع ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

 

چین کا خلائی مرکز تیانگونگ ون یعنی آسمان میں معلق محل  2011 میں خلا میں 5 برس کیلئے بھیجا گیا تھا ۔تیان گونگ ون 2016 میں دنیا بھر کے سائنسدانوں کی توجہ کا مرکز بنا، جب چین نے اس پر سے کنٹرول ختم ہونے کی تصدیق کی تھی ۔

 

چین کے خلائی ادارے کے مطابق ساڑھے آٹھ ٹن وزنی یہ خلائی سٹیشن اگلے 24 گھنٹوں کے دوران زمین کے کرۂ ہوائی میں داخل ہوگا ، اس کا زیادہ تر حصہ فضا میں ہی جل کر تباہ ہوجائے گا، تاہم کچھ ملبہ زمین پر گرسکتا ہے۔

 

جدید ترین ٹیکنالوجی کے باوجود خلائی سٹیشن کے گرنے کے اوقات اور مقام کا تعین نہیں ہوسکا ، جوں جوں تیان گونگ ون زمین کے قریب آرہا ہے اس کی رفتار میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔

 

اس کے گرنے کے وقت میں ایک منٹ کی تبدیلی بھی اسے اس کے اصل مقام سے کئی سو میل کے فاصلے پر لے جاسکتی ہے ۔

 

دوسری جانب بھارتی سائنسدانوں نے بھی اپنے ایک سیٹلائٹ سے رابطہ منقطع ہونے کی تصدیق کردی ہے ، دو ہزار ٹن وزنی جاسوس سیٹلائٹ کو تین روز قبل خلا میں چھوڑا گیا تھا۔

 

 انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن کے مطابق وہ سیٹلائٹ سے رابطہ بحال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔