Sunday, September 15, 2024

چین نے پچھلے تیس برسوں میں پچاس کروڑ افراد کو غربت کی لکیر سے نکالا : شہباز شریف

چین نے پچھلے تیس برسوں میں پچاس کروڑ افراد کو غربت کی لکیر سے نکالا : شہباز شریف
October 2, 2015
لاہور(92نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے چین کی ترقی سے سبق سیکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاکستان سے دو سال بعد آزاد ہواورآج دنیا کا دوسرابڑا طاقتور ملک ہے،ہمیں باتیں کرنے کی بجائے عملی طور پر کام کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہارشہبازشریف نےلاہور میں پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تفصیلات کےمطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پیف کے ایک لاکھ سکالرز پورے ہونے پر ایوان اقبال لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین نے پچھلے تیس سالوں میں پچاس کروڑ افراد کو غربت کی لکیر سے نکالا ہمیں بھی باتوں کی بجائے عملی طور پر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ میرٹ پر مستحق اور ذہین طلبہ کو وظائف دے رہا ہے اور پچھلے سات سالوں میں پانچ ارب اکسٹھ کروڑ روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں اب مزید ایک لاکھ طلبہ کو سکالرشپ دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیف کا سالانہ بجٹ دو ارب سے بڑھا کر چار ارب روپے کر دیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پیف کے ذریعے گرایجویٹ کرنے والی مہمند ایجنسی کی آٹھ طالبات کو ماسٹر ڈگری تک کے تعلیمی اخراجات فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔