چین: ماشیجا نامی سمندری طوفان کا خطرہ، ماہی گیروں کو جنوبی ساحلی علاقوں سے نکل جانے کے احکامات
ہینان (ویب ڈیسک) چین کے حکام نے ماشیجا نامی سمندری طوفان کے خطرے کے پیش نظرسیاحوں اور ماہی گیروں کو جنوبی ساحلی علاقوں سے نکل جانے کے احکامات دیئے ہیں۔
جنوبی بحیرہ چین پر بننے والا استوائی طوفان ماشیجا گردباد میں تبدیل ہو گیا ہے اور بیس کلومیٹر کی رفتار سے صوبہ ہینان اور پونگپوشا کے ساحلوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔ حکام نے سیاحوں کو فوری طور پر علاقے سے نکل جانے کیلئے کہا ہے اور کھلے سمندر سے ساٹھ ہزار سے زائد ماہی گیر کشتیوں اور پندرہ ہزار مچھیروں کو ساحل پر واپس بلا لیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے سربراہ ژاؤ فوژو نے بتایا کہ گردباد آج کسی وقت ہینان اور چن چیانگ کے ساحل سے ٹکرائے گا ۔ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تمام سرکاری ملازمین کی چھٹیاں اور ہائیکو کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔