Sunday, November 27, 2022

چیف جسٹس جب بھی بلائیں گے حاضر ہوں گے ، مراد علی شاہ

چیف جسٹس جب بھی بلائیں گے حاضر ہوں گے ، مراد علی شاہ
بھٹ شاہ (92 نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ چیف جسٹس جب بھی بلائیں گے حاضر ہوں گے۔ بھٹ شاہ میں گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ جے آئی ٹی کو بروقت تفصیلات دیتے رہے ہیں۔ احتساب کا عمل ضرور ہونا چاہیے لیکن جانبداری کے ساتھ نہیں۔ انہوں نے کہا کیسز قانون کے دائرے میں ہوں تو سامنا کرنے کو تیار ہیں۔ بغیر نام کی درخواستوں پر کارروائی ہو جاتی ہے۔ میڈیا ٹرائل ہوتا ہے اور ایسی انکوائریز ہوتی ہیں جن کا سر پیر نہیں ہوتا۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ الیکشن میں ہماری سیٹوں میں اضافہ ہوا ہے۔ صوبے کی عوام کا مینڈیٹ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے۔ چیف جسٹس صاحب کو ہمارے حوالے سے پوری طرح آگاہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر ڈاکومینٹس دیا۔ تمام کیسز میں تعاون کیا۔ مراد علی شاہ نے کہا سی سی آئی کے آخری اجلاس میں پانی کے معاملے پر ہم نے مضبوط کیس پیش کیا۔ اگر سی سی آئی میں ہماری بات نہیں مانی گئی تو عدالت سے رجوع کریں گے۔