Tuesday, September 17, 2024

چیف جسٹس آف پاکستان کا 15 دن میں شیریں جناح کالونی ٹرمینل خالی کرنے کی ہدایت

چیف جسٹس آف پاکستان کا 15 دن میں شیریں جناح کالونی ٹرمینل خالی کرنے کی ہدایت
June 20, 2018
کراچی (92 نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان نے کراچی میں آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہٹ دھرمی کا نوٹس لے لیا اور 15 دن میں شیریں جناح کالونی ٹرمینل خالی کرنے کی ہدایت کر دی ۔ ذوالفقارآباد آئل ٹرمینل کیس کی سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت  ہوئی۔ مئیر وسیم اختر نے عدالت کو بتایا آئل ٹرمینل کا ایک سال قبل افتتاح ہو چکا لیکن ٹینکر مالکان جانے کے لیے تیار نہیں ۔ ٹینکرز ایسوسی ایشن کے صدر یوسف شہوانی نے  200 ایکڑ میں سے صرف 130 ایکڑ اراضی ہمیں دی گئی ۔ ہم جانے کیلئے تیار ہیں، میئر کراچی جھوٹ بول رہے ہیں ۔ چیف جسٹس نے یوسف شہوانی کی سرزنش کی، اور کہا آپ کا میئر ہے عزت سے بات کریں ۔ چیف جسٹس نے مئیر کراچی سے کام کی تفصیل پوچھی اور انہیں  ناظر کے ہمراہ ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کا معائنہ کر کے شام تک مکمل رپورٹ لانے کا حکم دیا ۔ چیف جسٹس نے آئل ٹینکرز مالکان سے کہا 15 دن بعد کوئی ٹینکر شیریں جناح کالونی میں کھڑا نہیں ہو گا اور آئل ٹینکر والوں نے ہڑتال کی تو سب کو اندر کر دیں گے ۔ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا 15 دن میں ممکن نہیں ہو سکے گا  جس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا خدا کا خوف اور کچھ حب الوطنی پیدا کریں ۔ سماعت کے دوران کراچی کے نالوں کا ذکر ہوا تو میئر کراچی نے چیف جسٹس کو نہرخیام کا دورہ کرانے کی دعوت دے دی ۔