Saturday, July 27, 2024

چیف ایگزیکٹو اے سی سی اے ہیلن برانڈ کا پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ

چیف ایگزیکٹو اے سی سی اے ہیلن برانڈ کا پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ
January 31, 2017

کراچی (92نیوز) اے سی سی اے کی چیف ایگزیکٹو ہیلن برانڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کا حجم چھوٹا ضرور ہے لیکن اس کا مستقبل نہایت ہی روشن ہے۔ یہ بات انہوں نے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج آمد کے موقع پر کہی۔ اے سی سی اے کی چیف ایگزیکٹو ہیلن برانڈ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج آمد پر روایتی انداز میں گھنٹا بجا کر مارکیٹ کا آغاز کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کی سب سے کامیاب اسٹاک ایکسچینج میں آ کر انہیں بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔ انہوں نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی انتظامیہ اور ایس ای سی پی کو کامیابی سے ڈی میوچلائیزیشن کے مرحلے کو مکمل کرنے پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مارکیٹ کی کارکردگی سب کے سامنے ہے جس کی گواہی تمام دنیا دے رہی ہے۔ بھاری غیرملکی سرمایہ کے لیے سرمایہ کاروں کو اعتماد دینا ہوتا ہے جس کے لیے اے سی سی اے سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

اس موقع پر ایم ڈی پاکستان اسٹاک ایکسچینج ندیم نقوی کا کہنا تھا کہ اس وقت ضرورت ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کی طرف متوجہ کرنے کے لیے اے سی سی اے اپنا کردار ادا کرے۔