چیئرمین پی سی بی کی آج نئی دہلی میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقات متوقع

نئی دہلی (92نیوز) شیو سینا کے احتجاج پر چیئرمین پی سی بی اور بھارتی بورڈ کے صدر کے درمیان منسوخ ہونے والی ملاقات کے بعد بورڈ حکام کے درمیان آج ملاقات کا امکان ہے۔ ملاقات نئی دہلی میں ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق شہریارخان اور بھارتی بورڈ کے صدر ششانک منوہر کے درمیان ملاقات ممبئی میں طے تھی لیکن ملاقات سے قبل ہی انتہاپسند شیو سینا کے جنونیوں نے بی سی سی آئی دفتر پر دھاوا بول دیا۔
شہریارخان ملاقات کے لئے ہوٹل سے نکل چکے تھے لیکن انہیں واپس جانا پڑا اور بی سی سی آئی نے انتہاپسندوں کے آگے گھٹنے ٹیکتے ہوئے ملاقات منسوخ کر دی۔ شہریارخان پر انتہاپسندوں کی طرف سے حملے کے خطرے کے پیش نظر پاکستانی ہائی کمیشن نے انہیں فوری طور پر نئی دہلی بلا لیا۔
آج چیئرمین پی سی بی کی بھارتی بورڈ کے نائب صدر ارون جیٹلی یا آئی پی ایل چیئرمین راجیو شکلا سے ملاقات متوقع ہے۔ ملاقات کے بعد چیئرمین پی سی بی شام کو میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے۔