چیئرمین نیب نے مفتاح اسماعیل کے وارنٹ گرفتاری پر دستخط کر دیے
اسلام آباد ( 92 نیوز ) نیب نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل اور عمران الحق شیخ کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا ، چیئرمین نیب نے دونوں کے وارنٹ گرفتاری پر دستخط کر دیے ۔
مفتاح اسماعیل اور عمران الحق شیخ کو آج نیب راولپنڈی کے آفس میں طلب کیا گیا تھا ، دونوں میں سے کوئی بھی نیب کے روبرو پیش نہ ہوا ، جس کے بعد دونوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ۔
نیب نے آج سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کو بھی طلب کیا تھا لیکن وہ پیش نہ ہوئے ، جس کے بعد ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے نیب نے انہیں لاہور میں داخل ہوتے ہوئے ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب سے گرفتار کرلیا۔
نیب نے شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کر کے نیب آفس لاہور منتقل کر دیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال بھی شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ تھے ، جنہوں نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ۔