Monday, January 17, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

چیئرمین سینیٹ کا معاملہ ،مسلم لیگ ن کی اتحادی جماعتوں نے نوازشریف کو اختیار دیدیا

چیئرمین سینیٹ کا معاملہ ،مسلم لیگ ن کی اتحادی جماعتوں نے نوازشریف کو اختیار دیدیا
March 10, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) مسلم لیگ ن  کی اتحادی جماعتوں نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدواروں کے لیے نواز شریف کو مکمل اختیار دے دیا،  میر حاصل بزنجو کہتے ہیں کل تک چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا ۔

نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی  سینئر رہنماوں کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، اجلاس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں مولانا عبدالغفور حیدری، میر حاصل بزنجو، عثمان کاکڑ، خالد مقبول صدیقی، عامر خان، محمود خان اچکزئی اور دیگر نے شرکت کی۔

 اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ ظفرالحق، مشاہد اللہ خان، امیر مقام ، شاہ محمد شاہ اور مصدق ملک بھی موجود تھے۔  نواز شریف سے ایم کیو ایم پی آئی بی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت میں تین رکنی وفد نے بھی ملاقات کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل بزنجو نے بتایا کہ کل تک چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔ آج ہماری جماعت سمیت دیگر اتحادی جماعتوں نے امیدواروں کے انتخاب کے لیے نواز شریف کو مکمل اختیار دے دیا ہے اور حتمی فیصلہ انہی کا ہوگا۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے بتایا کہ اجلاس میں رضا ربانی کا نام بھی زیر بحث آیا ہے اور نوازشریف بھی رضا ربانی کے حق میں ہیں۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی زیر صدارت  پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں سینیٹ کے چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین کے عہدوں کے لیے موزوں امیدواروں کے چناو اور اُن کی کامیابی کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔