Saturday, July 27, 2024

چھوٹو گینگ کی ہمیشہ کیلئے چھٹی‘ سرپرستوں کی نیندیں اڑ گئیں

چھوٹو گینگ کی ہمیشہ کیلئے چھٹی‘ سرپرستوں کی نیندیں اڑ گئیں
April 20, 2016
لاہور (92نیوز) راجن پور میں پاک فوج کا آپریشن کامیاب، چھوٹو گینگ کا باب بند ہو گیا۔ ڈکیت گینگ نے مغوی اہلکاروں کو رہا کر کے خود کو فوج کے حوالے کر دیا۔ ادھر ڈکیت گینگ کے ہتھیار ڈالنے سے جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشترسیاست دانوں کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چھوٹو گینگ کی چھوٹی سی سلطنت کا خاتمہ ہو گیا۔ پولیس کےلئے دہشت کی علامت بنے خطرناک ڈاکو فوج کے سامنے بھیگی بلی بن گئے۔ ہتھیارڈال کر جان بچائی اور خود گرفتاری دےدی۔ پولیس آپریشن کی ناکامی کے بعد ضرب آہن کی کمان پاک فوج نے سنبھالی تو صرف پانچ روز بعد ہی چھوٹوگینگ نے ہار مان لی۔ فوج کے کوبرا گن شپ ہیلی کاپٹرز نے اڑانیں بھریں۔ فضاو¿ں میں توپوں اور گنوں کی گھن گرج سنائی دینے لگی تو چھوٹو گینگ کے دل دہل گئے۔ امن دشمنوں نے نہ صرف ہتھیارڈال دیے بلکہ یرغمال بنائے گئے پولیس اہلکاروں کو بھی رہا کر دیا۔ ادھر چھوٹو کی چھٹی ہوئی توجنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر سیاستدانوں کی نیندیں اڑگئی ہیں۔ کچھ لوگوں کو خطرہ پیدا ہو گیا ہے کہ چھوٹو کہیں بڑے بڑے رازنہ اگل دے اور ایسانہ ہوکہ چھوٹو گینگ کے ممکنہ انکشافات سے کئی بااثر افراد سہولت کار کے طور پر قانون کے شکنجے میں پھنس جائیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں نے اس صورتحال کو انتہائی خوفناک قرار دیا ہے۔ چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن کے دوران پنجاب پولیس کے سات اہلکار جاں بحق ہو گئے تھے جس کے بعد آپریشن میں پاک فوج کی مدد لی گئی۔