Monday, October 3, 2022

چونترہ ميں نو افراد کے قاتلوں میں سے 2 مرکزی ملزمان سمیت 4 گرفتار

چونترہ ميں نو افراد کے قاتلوں میں سے 2 مرکزی ملزمان سمیت 4 گرفتار
راولپنڈی (92 نیوز) راولپنڈی کےعلاقے چونترہ ميں نو افراد کو قتل کرنے والے قاتلوں میں سے دو مرکزی ملزمان سمیت چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی تعداد دس ہوگئی۔ ترجمان پولیس کے مطابق، گرفتار ملزم دانش نے اعتراف جرم کرلیا۔ بتایا کہ معصوموں کا خون بہا کر ماں کے قتل کا بدلہ لیا۔ چونترہ میں 9 افراد کے قتل کی ہولناک واردات، نہتی خواتین اور معصوم بچوں کو قتل کرنے والے ملزمان قانون کی گرفت میں آگئے۔ پولیس نے مرکزی ملزم ربنواز کے بیٹے دانش اور اکرام سمیت چار افراد کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف جرم کرلیا۔ راولپنڈی کے گاؤں میال میں دو گروپوں کے درمیان پرانی دشمنی پر خوفناک خونی تصادم ہوا تھا، جس میں ربنواز گروپ کی فائرنگ سے5 خواتین اور4 بچے جان بحق ہوئے تھے۔ پولیس نے چونترہ سے ہی مرکزی ملزم ربنواز کے 2 بیٹے دانش اور اکرام جبکہ بھائی اشرف اور بھتیجے عاقب کو گرفتار کیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزم دانش نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ماں کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے خواتین اور بچوں کو قتل کیا۔ تھانہ چونترہ پولیس مقدمے میں 10 نامزد سمیت 20 ملزمان میں سے 6 افراد پہلے ہی گرفتار کرچکی ہے جبکہ مرکزی ملزم ربنواز کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔