چودھری پرویز الٰہی کا سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا محمد عظیم سے رابطہ ، صحافیوں کے خلاف شقیں واپس لینے کی یقین دہانی
لاہور (92 نیوز) پنجاب اسمبلی میں بل پاس ہونے کے معاملے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کا سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا محمد عظیم سے رابطہ ہوا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے صحافیوں کے خلاف تمام شقیں واپس لینے کی یقین دہانی کرا دی۔
صحافیوں کا احتجاج رنگ لے آیا۔ حکومت نے ممبرز تحفظ استحقاق بل میں صحافیوں کے خلاف تمام شقیں واپس لینے کا اعلان کر دیا۔ سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا محمد عظیم کی کال پر صحافتی تنظیموں نے صحافیوں کے خلاف بل کی مخالفت میں ملک بھر میں مظاہرے کیے۔ لاہور میں گورنر ہاؤس کے باہر بھی صحافتی تنظیمیں سراپا احتجاج بنی رہیں۔ احتجاج میں مختلف تنظیموں اور سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے صحافیوں کے خلاف تمام شقیں واپس لینے کا اعلان کیا ، کہا صحافی جائز مطالبات کے لئے باہر آئیں گے تو وہ مجھے اپنے ساتھ پائیں گے۔
معاون خصوصی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پرائیویٹ ممبر ڈے پر بل غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔ متنازع شقوں پر صحافیوں کو مطمئن کرنے کے لئےسپیکر پنجاب اسمبلی ان سے ملاقات کریں گے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا عظیم سے رابطہ کیا اور بل میں صحافیوں کے شقیں واپس لینے کی یقین دہانی کروائی۔
حکومت کی جانب سے بل کی صحافت مخالف شقیں واپس لینے کے اعلان کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا۔