چودھری پرویز الہی سے پاکستان میں یورپی یونین کی پہلی خاتون سفیر اینڈرولا کامی نارا کی ملاقات
لاہور (92 نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی سے پاکستان میں یورپی یونین کی پہلی خاتون سفیر اینڈرولا کامی نارا کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یورپی یونین کی پہلی خاتون سفیر اینڈرولا کامی نارا سے بات چیت میں اسپیکر نے کہا پاکستان اور بھارت کا بنیادی مسئلہ کشمیر ہے۔ ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کا پرامن حل چاہتے ہیں۔ اس معاملے پر سول و عسکری قیادت اور پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے۔ یورپی یونین بھارتی مظالم پر نوٹس لے۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا پاکستان یورپی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ اپنے باہمی دوستانہ اور تجارتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ یورپی یونین پاکستان کا دوسرا اہم تجارتی شراکت دار ہے ، دو طرفہ تجارتی تعلقات 2004ء سے تعاون کے معاہدے کے تحت چل رہے ہیں۔
اینڈرولا کامی نارا نے چودھری پرویزالہٰی کا شکریہ ادا کیا اور کہا یورپی یونین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتی ہے۔ وفد میں سیاسی امور، تجارت اور مواصلات کے سربراہ مسٹر ڈینیئل کلاس، مسٹر چارلی اور انفارمیشن آفیسر سید خاور حسین شامل تھے۔