Friday, February 3, 2023

چودھری نثار کو لے کر نواز شریف اور شہباز شریف کے اختلافات سامنے آگئے

چودھری نثار کو لے کر نواز شریف اور شہباز شریف کے اختلافات سامنے آگئے
لاہور ( 92 نیوز ) سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے دیرینہ رہنما چودھری نثار کو لے کر شہباز شریف اور نواز شریف کے مابین  اختلافات سامنے آگئے ۔ نوازشریف چودھری نثار کو پلے باندھنے پر راضی نہیں جب کہ شہبازشریف نے سابق وزیر داخلہ کو اپنا بہترین دوست قرار دے دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہورمیں  ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعدمیڈیا سے بات چیت کی جس میں نواز شریف کے نظر انداز کردہ چودھری نثار کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے  اور کہا کہ چودھری نثارمیرے دوست ہیں ۔ شہباز شریف نے انہیں پارٹی کے اہم ترین رہنمابھی قراردیا اور جذبات میں نہ آنے کامشورہ بھی دیا۔ شہبازشریف خلائی مخلوق سے متعلق بھی بھائی کے مؤقف سے خلیج پر نظرآئے اور بولے کہ خلائی مخلوق کیا ہے یہ نوازشریف سے ہی پوچھاجائے۔ شہبازشریف سیاسی مخالفین کوبھی ہدف بنانا نہ بھولے اور کہا  عمران اور زرداری دونوں ہم نوالہ اور ہم پیالہ ہیں  ، احسن اقبال پرحملے کوافسوس ناک دیتے ہوئے بولے گولی پیٹ میں لگی اندر نہیں گئی،عدم برداشت کو نہ روکا تو ملک کونقصان ہوگا ،ملکی سلامتی کے لئے سب کومل بیٹھناہوگا۔ ننکانہ  میں خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب شہبا زشریف نے  نیب  سمیت دیگر اداروں پر چڑھائی کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا وقار پوری دنیا میں خراب ہوا ہے،پنجاب کے علاوہ دوسرے صوبوں میں لگتا ہے نیب کا سورج بادلوں میں کہیں  چُھپ گیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اور ورلڈ بینک نے 4.9ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ کی تردید کر دی ہے ، الزامات سے نیب کا امیج بری طرح خراب ہوا، عوام کی خدمت جاری رکھیں گے ، گالیاں دینے والے الیکشن نہیں جیت سکتے ۔