Thursday, September 19, 2024

چودھری نثار علی خان اور عمران خان کے کاغذات نامزدگی چیلنج

چودھری نثار علی خان اور عمران خان کے کاغذات نامزدگی چیلنج
June 12, 2018
اسلام آبا د( 92 نیوز)  سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور  چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کاغذات نامزدگی عدالت میں چیلنج کردیئے گئے ۔ چودھری نثار علی خان کے کاغذات نامزدگی حلقہ این اے 59 کیلئے چیلنج کئے گئے ، اعتراض کنندہ نے موقف اپنایاکہ چودھری نثار سپریم کورٹ پر حملہ کیس میں ملوث ہیں ۔ دوسری جانب عمران خان کے این اے 243 سے کاغذات نامزدگی عدالت میں چیلنج کئے گئے ۔ لاہور سے 304 اُمیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے  ۔  شیخ روحیل اصغر اور  خواجہ احمد احسان کے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے  ۔ پشاور میں حاجی غلام علی،  نور عالم خان اور  عاصمہ عالمگیر کے کاغذات نامزدگی نامکمل قرار پائے ، ریٹرنگ افسران نے تینوں امیدواروں کو 19 جون کو دوبارہ طلب کرلیا۔ رحیم یار خان میں مخدوم خسرو بختیار، مخدوم شہاب الدین ، مخدوم معین الدین علی اور ہاشم جوان بخت کے کاغذات نامزدگی اعتراض لگنے پر منظور نہ کئے گئے  ۔ فیصل آباد میں  میاں عبدالمنان ، سردار دلدار چیمہ  اور پی پی 21 سے جمع کرانے والے 85 اُمیدواروں کے کاغزات نامزدگی منظور کر لئے گئے  جبکہ  4اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض جمع کرائے گئے ہیں ۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑ تال کا عمل جاری  ہے ،الیکشن کمیشن حکام کے مطابق سرفراز بگٹی ، گزین مری  اور  بہاول مری کے کاغذات نامزدگی اثاثہ جات ظاہر نہ کرنے پر مسترد کر دیئے گئے ہیں ۔ حیدرآباد میں  صاحبزادہ محمد زبیر،  راشد خلجی، عرفان گل مگسی  اور فیصل ندیم کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے ہیں  جبکہ  مہاجر قومی موومنٹ کے ارشد نعیم کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے۔ دوسری طرف پی ٹی سی ایل نے بھی سکروٹنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھجوا دی ہے  ، رپورٹ کے مطابق مراد سعید 14ہزار  ، فیصل کریم 21 ہزار ، منظور وٹو 6 ہزار ، سید ظفر علی شاہ 18 ہزار، رانا مشہود 4ہزار ، معین وٹو 1996 روپے ، زبیر فاروق 10623 روپے اور  فرید پراچہ 1178 روپے کے ڈیفالٹر ہیں ۔ حنیف عباسی، عبدالقادر گیلانی،  ،بلال یاسین ،حافظ سلمان بٹ،    اور عظمی بخاری بھی پی ٹی سی ایل کے ڈیفالٹر نکلے ۔ انعام اللہ نیازی 1137 ،  رانا تنویر 1234 ،رانا افضال 8914 ، گلوکار جواد احمد 2279  ،ظفر اللہ جمالی 1155  ،سمیعہ راحیل قاضی 1315  ،راجہ مطلوب مہدی 31449 روپے کے ڈیفالٹر ہیں ۔ذرائع  کے مطابق  یاسمین راشد 8 ہزار روپے کی ڈیفالٹر ہیں ۔