Saturday, December 3, 2022

چنیوٹ: کار اور مسافر وین میں خوفناک تصادم، 4افراد جاں بحق

چنیوٹ: کار اور مسافر وین میں خوفناک تصادم، 4افراد جاں بحق
  چنیوٹ (92نیوز)چنیوٹ میں کار اور مسافر وین میں خوفناک تصادم ہوگیا ،  حادثے میں وین کا سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس سے چار افراد جھلس کر جاں بحق  جبکہ 18  زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کےمطابق چنیوٹ سے فیصل آباد آنے والی بد قسمت مسافر وین کو فیصل آباد روڈ پر اس وقت حادثہ پیش آیا جب وہ مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار کار سے جا ٹکرائی، حادثے کے بعد وین میں موجود گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس سے بھڑکنے والی آگ نے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے میں خاتون اور کمسن بچے سمیت 4 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہو گئےجھلسنے کے باعث جاں بحق افراد کی شناخت نہ ہو سکی عینی  شاہدین کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد ایک گھنٹہ طبی امداد کے لیے تڑپتے رہے جبکہ آگ نے بیشتر افراد کو گاڑی سے نکلنے کا موقع ہی نہ دیا  زخمیوں میں چھ افراد کو  تشویشناک حالت میں الائیڈ اسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا۔ تھانہ صدر پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ واقعہ کے محرکات جاننے کے لیے پنجاب فرانزک لیب کی ٹیم کو بھی طلب کر لیا گیا ہے، دوسری جانب جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کا سہارا لیا جائے گا جس کے نمونے بھجوا دیئے گئے ہیں۔