Saturday, July 27, 2024

چنیوٹ ، فرنیچر سازی اور فرنیچر پر آرٹ کا ماہر خاندان تین سو سال سے اس شعبہ سے وابستہ

چنیوٹ ، فرنیچر سازی اور فرنیچر پر آرٹ کا ماہر خاندان تین سو سال سے اس شعبہ سے وابستہ
April 27, 2018
چنیوٹ (92 نیوز) فرنیچر سازی اور فرنیچر پر آرٹ دو الگ الگ شعبے ہیں لیکن چنیوٹ کا ایک خاندان ایسا ہے جو ان دونوں شعبوں میں کمال مہارت رکھتا ہے اور بین الاقوامی معیار کا شاندار فرنیچر تیار کرکے اپنے شہر کی اصل شناخت کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔ فرنیچر سازی کی بات ہو تو چنیوٹ کا نام سب سے پہلے زبان پر آتا ہے جہاں منفرد ڈیزائن، دلکش کشیدہ کاری اور نقش و نگار سے بھرپور فرنیچر دستیاب ہے۔ کاری گر اس کی تیاری میں جدید ٹیکنالوجی بھی استعمال کرتے ہیں لیکن آباؤ اجداد سے اس پیشے سے وابستہ افراد کا ہنر اپنی مثال آپ ہے جو شہر کی اصل پہچان قدیم اور روایتی چترائی یا جندری کا کام آج بھی نہیں بھولے۔ ان کے آباؤ اجداد تین سو سال سے اس شعبہ سے وابستہ ہیں۔ بیڈ سیٹ، ٹیبل، روایتی کرسی اور چار پائی سمیت کسی بھی قسم کے فرنیچر کی تیاری ہو یہ ماہر کاری گر چترائی، ان لے، مغل نقاشی، یورپین ڈیکوریٹو آرٹ ورک، اسلامک اور ماڈرن آرٹ کے ایسے نقش چھوڑتے ہیں کہ دیکھنے والا دنگ رہ جاتا ہے۔ ماہر کاریگروں کا کہنا ہے کہ حکومت توجہ دے تو ان کا فرنیچر دنیا بھر میں گھروں کی زینت بن سکتا ہے۔ فرنیچر سازی کی صنعت میں جدت تو آگئی لیکن نئی نسل نے آج بھی اس شہر کی اصل شناخت یعنی قدیم اور روائتی طرز تعمیر کا فن زندہ رکھا ہوا ہے۔