چترال میں برفانی تودہ گرنے سے 8افراد دب گئے، 2بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں، چھے افراد لاپتہ

چترال (نائنٹی ٹو نیوز) چترال کے علاقے سوسوم میں برفانی تودے تلے پھنسے 8 افراد میں سے دو طالب علموں کی لاشیں نکال لی گئیں۔ برفباری کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا، ریسکیو کارروئیاں روک دی گئیں۔
گزشتہ روز چترال کے علاقے سوسوم میں برفانی تودہ گرا جس کے نیچے نویں کلاس کے 7 طالب علم اور ایک راہگیر پھنس گئے۔ بد قسمت طالبعلم سکول میں پرچہ دینے کے بعد گھروں کو جا رہے تھے کہ اس دوران تودے کے نیچے آ گئے۔ علاقہ ناظم یعقوب کے مطابق برف تلے دے دو بچوں مبشر اور رحمت کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ برفباری کے باعث ریسکیو کارروائیاں روک دی گئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مشینری تاحال نہیں پہنچی، جائے وقوعہ تک پہنچنے کے لئے 16 کلومیٹر پیدل چلنا پڑتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔