Tuesday, April 30, 2024

چار لاکھ سے زائد آمدنی والوں کو ٹیکس دینا ہوگا

چار لاکھ سے زائد آمدنی والوں کو ٹیکس دینا ہوگا
September 18, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے قومی اسمبلی میں منی بجٹ پیش کردیا، ریلیف کے ساتھ ساتھ عوام پر ٹیکسز کا بوجھ بھی بڑھ گیا ۔  چار لاکھ سے آٹھ لاکھ روپے سالانہ آمدنی والے افراد کو اب  ایک  ہزار روپے ٹیکس ادا کرنا پڑے گا ۔ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے پیش کردہ منی بجٹ میں جہاں سالانہ بارہ لاکھ اور ماہانہ ایک لاکھ روپے آمدنی والے افراد کو ٹیکس میں مزید اضافہ نہ ہونے کی خوشخبری ملی تو وہیں سالانہ چار سے آٹھ لاکھ روپے اور ماہانہ 34 سے 67 ہزار روپے آمدنی والے افراد پر ایک ہزارروپے ٹیکس عائد کردیا گیا ہے۔ سالانہ 8 سے 12 لاکھ روپے اور ماہانہ 67 ہزار سے ایک لاکھ روپے آمدنی والے افراد پر دو ہزار روپے ٹیکس عائد کردیا گیا۔ بارہ سے چوبیس لاکھ روپے سالانہ اور ایک لاکھ سے دو لاکھ روپے ماہانہ آمدن پر 5 فیصد ٹیکس ادا کرنا پڑے گا، 24سے 30 لاکھ روپے سالانہ آمدن پر 60 ہزار روپے فکسڈ ٹیکس ادا کرنا ہوگا  جبکہ 30 لاکھ سے زائد آمدن پر 15 فیصد، 40 سے 15 لاکھ پر پچیس فیصد اور 50 لاکھ سے زائد آمدن پر 29فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔ بجٹ دستاویز کے مطابق وزیراعظم، وزراء اور گورنرز کو ٹیکس میں حاصل استثنیٰ بھی ختم کردیا گیا ہے، دیکھنا یہ ہے کہ ٹیکسز میں اضافے سے معیشت کس قدر مضبوط ہو پائے گی۔