چارسدہ میں ننھی زینب کے بہیمانہ قتل پر تعزیت کا سلسلہ جاری

چارسدہ (92 نیوز) چارسدہ میں ننھی زینب کے بہیمانہ قتل پر تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان، ترجمان خیبر پختونخوا حکومت کامران بنگش اور صوبائی کابینہ کے دیگر ارکان زینب کے گھر پہنچے اور اہل خانہ کی داد رسی کی۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، 60 سے 70 افراد سے تفتیش کی گئی ہے۔
چارسدہ کے علاقہ شیخ کلی میں ننھی کلی کو جنسی زیادتی کے بعد بے دردی سے مسل دیا تو حکومتی مشینری بھی حرکت میں آ گئی۔
وزیر اعلٰی کی جانب سے نوٹس لینے کے بعد وزیر مملکت علی محمد خان بچی کے گھر پہنچے اور انصاف دلانے کی یقین دہانی کرا دی جبکہ ڈی پی او چارسدہ نے بچی سے زیادتی کی تصدیق کر دی۔
زینب کی زیادتی کے بعد قتل کے خلاف پشاور میں ایم پی اے رابعہ بصری کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ملزم کو نشان عبرت بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔
ترجمان خیبر پختونخوا حکومت کامران بنگش، صوبائی وزیر قانون سلطان محمد خان اور معاون معدنیات عارف احمدزئی بھی بچی کے گھر پہنچے اور متاثرہ خاندان کی داد رسی کی۔

