پی ڈی ایم کے احتجاج کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں کی، شبلی فراز

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز کہتے ہیں کہ پی ڈی ایم کے احتجاج کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں کی۔
حکومت نے احتجاج کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں کی۔اسلام آباد کی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی عمران خان کی جمہوریت پسندی کا ثبوت ہے۔قوم نہیں بھولی جب (ن) لیگی حکومت نےتحریک انصاف کے کارکنوں کوپرامن احتجاج کرنے پرتشدد کا نشانہ بنایا تھا۔قوم سانحہ ماڈل ٹاؤن بھی کبھی بھلا نہیں سکتی۔
— Senator Shibli Faraz (@shiblifaraz) January 19, 2021
وفاقی وزیر نے ٹویٹ پیغام میں لکھا کہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی عمران خان کی جمہوریت پسندی کا ثبوت ہے۔
ادھر مراد سعید کہتے ہیں آج قوم چور مچائے شور کا عملی مظاہرہ دیکھے گی، یہ سارا ڈرامہ این آر او مانگنے کےلیے کیا جارہا ہے۔ زرداری اور شریف خاندان نے سیاسی جماعت کو بھی اپنے دھندے کے لئے استعمال کیا۔ پارٹیز کو فرنٹ کمپنی بنایا جہاں کرپشن کک بیکس کا پیسہ آتا اور منی لانڈرنگ ہوتی رہی۔
انہوں نے کہا کہ ستمبر میں فیصلہ آیا کہ ن لیگ اور پی پی نے فارن فنڈنگ کا ریکارڈ اور رسیدیں نہیں دکھائیں۔ الیکشن کمیشن نے 6 ہفتوں کا وقت دیا لیکن وہ ڈیڈ لائن بھی گزر گئی رسیدیں نہیں آئیں۔ قطری خط، کیلبری فونٹ، منظور پاپڑ والا، مشتاق چینی والا، سموسے اور پکوڑے والے کے بعد اب قوم کو پارٹی اکاؤنٹس کے بھول بھلیوں کے کرداروں کا انتظار ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا، ادھر کہاں گیا نیب کی کیا مجال ،اثاثے آمدن سے زائد ہیں تو تمہیں کیا۔ ادھر بھی الٹا چوری اوپر سے سینہ زوری۔ قوم اب ان جماعتوں سے چند سوال کا جواب چاہتی ہے۔ پیپلز پارٹی نے ابھی تک فارن فنڈنگ اور ممنوعہ فنڈنگ نہ لینے کا سرٹیفیکٹ کیوں نہیں دیا؟۔
اُن کا مزید کہنا تھا ن لیگ نے آڈٹ، ریکارڈ، رسیدیں نہ جمع کرنے کے علاوہ اثاثے کیوں چھپائے؟۔ کیا زرداری لیگ کو یہودی لابی سیگل کو ادا کئے گئے پیسے کا منظر عام پر آنے کا ڈر ہے؟۔ کیا لندن اور امریکا میں بنائے جانے والی کمپنیوں کا سامنے آنے کا ڈر ہے؟۔ کیا پانامہ کے وقت ہونے والے انکشاف کہ نواز شریف نے پارٹی کو منی لانڈرنگ کے لئے استعمال کیا اسکے ثابت ہونے کا ڈر ہے؟۔ کیا زرداری لیگ کو فارن کمپنیز سے الیکشن کمپین کے لئے پیسے دینے والے کمپنیز کے نام سامنے آنے کا ڈر ہے؟۔
مراد سعید بولے کہ جیسے خان صاحب نے پانامہ کے وقت کہا تھا نہ قوم بھولے گی نہ میں بھولنے دوں گا ہم فارن فنڈنگ کا جواب لیکر رہینگے رسیدیں تو دینی پڑینگی۔