Wednesday, September 18, 2024

پی پی 16 اٹک کے ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری !!! سکیورٹی ریڈ الرٹ‘ 70 مشکوک افراد گرفتار

پی پی 16 اٹک کے ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری !!! سکیورٹی ریڈ الرٹ‘ 70 مشکوک افراد گرفتار
October 6, 2015
اٹک (92نیوز) پی پی ایک سو سولہ کے ضمنی الیکشن میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ حساس قرار دیئے گئے پولنگ سٹیشنوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ شجاع خانزاہ کے صاحبزادے جہانگیر خانزادہ کا کہنا ہے کہ یہ الیکشن نہیں بلکہ شجاع خانزادہ کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے‘ منتخب ہو کر والد کے ادھورے مشن پورے کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پی پی ایک سو سولہ اٹک کے ضمنی الیکشن میں ووٹرز کی بڑی تعداد ووٹ کاسٹ کر رہی ہے جبکہ صبح سے ہی ٹرن آوٹ بہتررہا۔ پولنگ سٹیشنوں میں سکیورٹی انتہائی سخت ہے۔ شارپ شوٹر‘ انسداد دہشت گردی فورس سمیت پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ پولنگ سٹیشنوں کے اطراف میں واک تھرو گیٹ لگائے گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال پر بروقت ردعمل کے لئے مکمل تیار ہیں۔ دوسری جانب شجاع خانزادہ کے صاحبزادے جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ آج الیکشن نہیں بلکہ شہید کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ والد کے تمام مشن پورے کئے جائیں گے۔ صوبائی حلقے پی پی ایک سو سولہ کی نشست صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کی شہادت کے بعد خالی ہو گئی تھی جس کے بعد ان کے بیٹے جہانگیر خانزادہ نے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔ ضمنی الیکشن کے موقع پر سکیورٹی ریڈ الرٹ ہے اور فوج کے دستے گشت کر رہے ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے حلقے کے مختلف علاقوں سے 70 مشکوک افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔