Monday, November 28, 2022

پی پی رہنما شرمیلا فاروقی کی کھانا بناتے ہوئے ویڈیو وائرل ہو گئی

پی پی رہنما شرمیلا فاروقی کی کھانا بناتے ہوئے ویڈیو وائرل ہو گئی
 کراچی (92 نیوز) پی پی رہنما شرمیلا فاروقی کی کھانا بناتے ہوئے ویڈیو وائرل ہو گئی۔ شرمیلا فاروقی کہتی ہیں زبان سلپ ہوگئی ،پتہ نہیں تھا اتنا مذاق بن جائے گا۔ کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے  کئی نامور شخصیات اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے مداحوں کو محظوظ کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہی میں شامل ہیں رہنما پیپلز پارٹی شرمیلا فاروقی جنہوں نے مزے مزے سے ایک  کوکنگ ویڈیو بنائی  جو  سوشل میڈیا پر مذاق  کا ذریعہ بن گئی۔ اس مذاق کی وجہ یہ تھی کہ شرمیلا فاروقی بھول گئیں کہ وہ مرغی نہیں بلکہ مچھلی بنارہی تھی۔ ویڈیو میں ایک موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’میں نے یہ مرغی لی ہے اور اس کی دم کاٹ دی اور اس کے دو حصے کر لیے ہیں‘۔ سوشل میڈیا صارفین نے شرمیلا فارقی کی ویڈیو کو لے کر دلچسپ تبصرے کیے۔ کسی نے اسے دہائی کی سب سے مزاحیہ ویڈیو قرار دیا تو کسی نے کہا شرمیلا فاروقی مرغی اور مچھلی کے درمیان کہیں کھو گئیں۔ نتالیہ گل جیلانی نے تو شرمیلا فاروقی کی ویڈیو کی ایسی پیروڈی کی کہ انکی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ شرمیلا فاروقی نے اپنے ردعمل میں کہا  انکی زبان پھسل گئی تاہم لوگوں نے اسکا خوب مذاق اڑایا۔ پہلے پہل انہیں برا لگا تاہم اب وہ صورتحال کو انجوائے کر رہی ہیں۔ شرمیلا نے کہا ہم دوسروں کو نیچا دکھانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔