اسلام آباد: (92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف آج عمران خان کی کال پر اسلام آباد کے ڈی چوک میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنا چاہ رہی ہے۔
حکومت کی جانب سے گزشتہ روز ہی پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو بتادیا گیا تھا کہ ایس سی او کی میٹنگ کے باعث احتجاجی کارکنان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
صبح سے ہی پاکستان تحریک انصاف کے کارکن اسلام آباد ڈی چوک پر جمع ہونے کی کوشش کررہے ہیں لیکن دوسری جانب پولیس اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے بھرپور شیلنگ اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا احتجاج: اسلام آباد میں فوج تعینات
اسلام آباد ڈی چوک میں احتجاج کے باعث پولیس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنیں، علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دونوں بہنوں کو گرفتار کرکے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کردیا گیا ہے۔
گزشتہ روز وزیرداخلہ محسن نقوی نے پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی لیڈرشپ اور کارکنان کو پیغام دے دیا تھا کہ اگر کسی نے اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی کوشش کی تو ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔