92 نیوز: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، اختلاف رائے ضرور ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی کے معاملات پارٹی کے اندر حل ہونے چاہئیں، ہم سب بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں متحد ہیں، فواد چودھری کی پارٹی میں واپسی کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف جمہوری جماعت ہے۔ پی ٹی آئی میں ورکرز اور لیڈرشپ کی ایک جیسی حیثیت ہے۔ ہماری جماعت میں لیڈرشپ اور ورکرز کی ہر بات کو سنا جاتا ہے۔ ہم لوگوں پر بات کرنے کی پابندی نہیں لگاتے۔ پارٹی میں فاروڈ بلاک کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی وکلاء کی جانب سے احتجاج پر درج مقدمے میں درخواست ضمانت کی سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اپنے وکلاء آمنہ علی، زاہد بشیر ڈار، مرتضیٰ طوری کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔
عدالت نے بیرسٹر گوہر کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی۔