پی ٹی آئی کے نوٹوں کا مقابلہ ووٹوں سے ہوگا : خواجہ سعد رفیق ،ایاز صادق
لاہور(92نیوز)مسلم لیگ نون کے رہنما سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ گیارہ اکتوبر کو این اے ایک سو بائیس کا تاریخی فیصلہ ہوگا جبکہ وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق کہتے ہیں کہ عمران خان ہر صورت وزیراعظم بننا چاہتے ہیں پی ٹی آئی کے نوٹوں کا مقابلہ ووٹوں کے ساتھ ہے۔
تفصیلات کےمطابق این اے ایک سو بائیس میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں مسلم لیگ نون نے بھی سمن آباد میں ہی جلسہ کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے شیر اپنی سیٹ کا دفاع کرنے کے لئے تیار ہیں عمران خان کی ٹانگیں خوف سے کانپ رہی ہیں پیسوں سے الیکشن جیتے جاتے تو علیم خان کبھی الیکشن نہ ہارتے،خواجہ سعد رفیق نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ لاہورکی گلی گلی میں نوازشریف اورشہبازشریف کے نشان ہیں،کوئی جلے یا حسد کرے لاہور میں میٹرو بس کے بعد اب میٹرو ٹرین ضرور چلے گی۔
مسلم لیگ نون کے رہنما طلال چودھری کا کہنا تھا کہ پیسے سے لاہور کے پلازے تو خریدے جا سکتے ہیں مگر لاہوریوں کے دل نہیں سارے پنجاب سے لوگوں کو اکٹھا کرکے لاہور کی ایک چھوٹی سی گراؤنڈ نہ بھر سکے،گیارہ اکتوبر شیر کی فتح کا دن ہو گا،ملک کے بڑے بڑے چور عمران خان کے دائیں بائیں بیٹھے ہیں۔ماروی میمن نے بھی خطاب کرتے ہوئے اپنی بھڑاس خوب نکالی۔