پی ٹی آئی کی نئے شامل ہونے والے رہنماؤں پر نوازشات ،100 سے زائد کو ٹکٹ جاری
اسلام آباد ( 92 نیوز) انتخابات2018 کیلئے پی ٹی آئی کی جانب سے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں پر نوازشات کی گئیں ، عام انتخابات کیلئے ایک سو سے زائد پرانے سیاسی پنڈتوں کو پارٹی ٹکٹس جاری کی گئیں ۔
دوسری جماعتوں سے پی ٹی آئی میں شامل ہوکر ٹکٹس حاصل کرنے والوں میں ق لیگ کے میجر ریٹائرڈ طاہر صادق، چکوال سے ن لیگ کے سردار غلام عباس، گوجرانوالہ سے مسلم لیگ ن کے رانا نذیراحمد شامل ہیں ۔
پیپلزپارٹی کے ندیم افضل چن، ق لیگ کے چودھری عامر سلطان، حافظ آباد سے ق لیگ کے ہی شوکت بھٹی، فیصل آباد سے پیپلزپارٹی کے نواب شیر وسیر، پیپلزپارٹی کے راجہ ریاض، ن لیگ کے نثار جٹ اور جھنگ سے مسلم لیگ ن کی غلام بی بی بھروانہ بھی ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں ۔
قصور سےمسلم لیگ ق کے طالب نکئی، ساہیوال سے پیپلزپارٹی کے نوریز شکور، شیخوپورہ سے مسلم لیگ ن کے بلال ورک، سعید ورک، اعجاز ڈیال،خانیوال سے ن لیگ کے ہی رضا حیات ہراج،رانا قاسم، رحیم یارخان سے خسرو بختیار، سردار ذوالفقار کھوسہ اور سردار جعفرخان لغاری کو بھی پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ٹکٹ جاری کیا گیا۔
اسی طرح آزاد منتخب ہونے والے نصراللہ دریشک بھی پی ٹی آئی میں شامل ہوئے اور پارٹی ٹکٹ حاصل کیا۔
دیگر سیاسی جماعتوں سے شامل ہونے والے تجربہ کار اور ووٹ بینک کے حامل سیاستدانوں کو قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر ٹکٹس دینا واضح ہے کہ پی ٹی آئی وننگ کینڈی ڈیٹس کے ذریعے انتخابات میں ن لیگ کا مقابلہ کرنا چاہتی ہے ۔
دوسری جانب ن لیگ کے امیدواروں کا انتظار ہے ، اب دیکھنا یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی یہ پالیسی آئندہ الیکشن میں کتنی کارگر ثابت ہوگی۔