پی ٹی آئی کاوفاقی وصوبائی سیکرٹریزداخلہ کی فوری تبدیلی،چیئرمین نادراکی برطرفی کامطالبہ
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر کو وفاقی و صوبائی سیکرٹریز داخلہ کی فوری تبدیلی اور چیئرمین نادرا کی برطرفی کیلئے خط لکھ دیا ۔
خط میں لکھا گیا کہ غیر جانبدارانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کا بنیادی فریضہ ہے، وفاقی و صوبائی سیکرٹریز داخلہ کی فوری تبدیلی اور چیئرمین نادرا کی برطرفی کے مطالبات بھی کر دیئے ۔
خط میں استدعا کی گئی ہے کہ انتظامی، عدالتی اور ادارہ جاتی نظام کو نون لیگ کی متعارف کردہ آلائشوں سے پاک کئےبغیر بہتر ساکھ کے حامل انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں، انتخابات کی صحت و ساکھ کیلئے کمیشن وفاقی و صوبائی سیکرٹریز کے فوری تبادلوں کیلئے کارروائی کرے ۔
خط مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے تحریر کیا گیا، خط میں الیکشن کمیشن کو نادرا سے حساس معلومات کے راز افشاء ہونے کا بھی فوری نوٹس لینے کا کہا گیا ہے۔