پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن کے سامنے آج پیش ہوں گے

اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن آج سے تحقیقات شروع کرے گا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج کمیشن کے روبرو مبینہ انتخابی دھاندلی کے شواہد پیش کریں گے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عمران خان جوڈیشل کمیشن سے مبینہ انتخابی دھاندلی کے کرداروں کو بلانے کا مطالبہ کریں گے۔ عمران خان کی جانب سے سابق چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم، سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری اور جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمٰن رمدے کو بھی بلانے کی درخواست کی جائے گی۔
پی ٹی آئی گذشتہ انتخابات کے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کو بھی طلب کرنے کے لئے جوڈیشل کمیشن کے روبرو استدعا کرے گی۔
چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن دو ہزار تیرہ میں ہونے والی مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کر رہا ہے۔