Saturday, July 27, 2024

پی ٹی آئی ارکان سینیٹ الیکشن میں پارٹی پالیسی کی پابندی کریں ، وزیراعظم

پی ٹی آئی ارکان سینیٹ الیکشن میں پارٹی پالیسی کی پابندی کریں ، وزیراعظم
February 18, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے پی ٹی آئی ارکان سینیٹ الیکشن میں پارٹی پالیسی کی پابندی کریں۔

وزیراعظم عمران خان سینیٹ الیکشن میں کامیابی کیلئے پرامید ہیں۔ کابینہ اجلاس کے دوران کہا ارکان اسمبلی سے رابطے بڑھائیں ، سینیٹ انتخابات میں ٹکٹ میرٹ پر دیئے۔ ہم چاہتے ہیں سینیٹ الیکشن میں پیسہ نہ چلے۔ اوپن بیلٹ کی مخالفت کرنے والے الیکشن کے بعد روئیں گے۔ سپریم کورٹ جو حکم دے گی احترام کریں گے۔

وزیراعظم نے سندھ کے ارکان اسمبلی سے ویڈیو لنک پر خطاب بھی کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا جان بوجھ کر کوئی غلط فیصلہ نہیں کریں گے۔ اگلے الیکشن کیلئے ابھی سے اچھے امیدواروں پر کام کررہے ہیں۔ غلطی ہوسکتی ہے مگر جان بوجھ کر غلط فیصلہ نہیں کروں گا۔ یقین رکھیں ملک و قوم کے مفاد میں بہتر فیصلے کئے جائیں گے۔ اگلے الیکشن کے حوالے سے مہم کی خود نگرانی کروں گا۔

اجلاس کے دوران ارکان نے فیصل واؤڈا اور سیف اللہ ابڑو پر تحفظات ظاہر کیا۔ وزیراعظم نے تحفظات سن کر پارٹی امیدواروں کو ووٹ دینے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے کہا پارلیمانی بورڈ نے مشاورت کے بعد ٹکٹ جاری کئے ہیں۔ پارٹی اور اتحادی ارکان کو ووٹ ڈالنے ہیں۔ تحریک انصاف ہارس ٹریڈنگ کے خلاف ہے۔ شبلی فراز نے کہا سینیٹ میں ہمارے پاس بولنے والے کم ہیں اس لئے فیصل واؤڈا کو ٹکٹ دیا گیا۔

ویڈیو لنک پر اجلاس کے دوران ایم پی اے علی جی جی نے آئی جی سندھ کی تبدیلی کا مطالبہ کیا۔ سکیورٹی واپس لینے پر کہا ایف سی کی سکیورٹی دی جائے۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے کو خود دیکھیں گے۔