Saturday, July 27, 2024

پی سی بی کو کوچ کیلئے درخواست دینے کا کوئی فائدہ نہیں : عاقب جاوید

پی سی بی کو کوچ کیلئے درخواست دینے کا کوئی فائدہ نہیں : عاقب جاوید
April 6, 2016
کراچی (92نیوز) سابق ٹیسٹ کر کٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کوچ کے لئے بنائی گئی کمیٹی کے اراکین کہہ چکے ہیں کہ کوچ غیر ملکی ہونا چاہیے اس لئے کمیٹی کو درخواست دینا خود کو رسوا کرنے کے مترادف ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق فاسٹ باولر عاقب جاوید پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے تھے مگر اب انہوں نے بھی کہہ دیا کہ پی سی بی نے رمیزراجہ اور وسیم اکرم کو کوچ ڈھونڈنے کا ٹاسک دیا ہے۔ اس کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کو کو چ کے لئے درخواست دے کر وقت ضائع نہیں کر نا چاہئے کیونکہ دونوں تو پہلے ہی میڈیا میں کہہ چکے ہیں کہ کوچ غیر ملکی ہو نا چاہئے۔ عاقب جاوید کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے مجھ سے رابطہ کیا مگر بعد میں غیر ملکی کوچ کے چکر میں آگئے۔ عاقب جاوید نے پاکستان کی طرف سے بائیس ٹیسٹ میچوں میں چون جبکہ ایک سو تریسٹھ ون ڈے میں ایک سو بیاسی وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہ متحدہ عرب امارات کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کا تجربہ بھی رکھتے ہیں مگر پی سی بی کے نزدیک گھر کی مرغی دال برابر ہے۔