Wednesday, November 30, 2022

پی سی بی کا رمضان میں کسی کرکٹ سرگرمی کیلئے این او سی جاری کرنے سے انکار

پی سی بی کا رمضان میں کسی کرکٹ سرگرمی کیلئے این او سی جاری کرنے سے انکار
لاہور (92 نیوز) ترجمان پی سی بی کے مطابق کورونا وائرس جیسی عالمی وباء کے پیش نظر رمضان میں کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمی کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔ ترجمان پی سی بی کا کہنا تھا کہ چند منتظمین نے ہم سے رمضان کرکٹ کے لیے این او سی کے حصول کی غرض سے وضاحت طلب کرنے کے لیے رابطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی نےفی الوقت تمام تر کرکٹ سرگرمیوں کو معطل کر رکھا ہے۔ حالات معمول پر آنے تک رمضان کرکٹ کے لیے کوئی این او سی جاری نہیں کیا جائیگا، یہ ایک مشکل صورتحال ہے جہاں دنیا بھر میں معاشی اور کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اس وقت تمام تر توجہ صرف لوگوں کی صحت اور حفاظت پر مرکوز ہے، پی سی بی منتظمین اور کرکٹرز احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے گھروں میں رہیں، سماجی فاصلہ اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی اجتماعی سرگرمی سے دور رہیں، پی سی بی اپنے ملازمین اور کھلاڑیوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے حوالے سے بہت سنجیدہ ہے۔