Thursday, January 20, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

پی سی بی کا انضمام الحق کو قومی ٹیم کا نیا چیف سلیکٹر بنانے کا اعلان

پی سی بی کا انضمام الحق کو قومی ٹیم کا نیا چیف سلیکٹر بنانے کا اعلان
April 18, 2016
لاہور (92نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ انضمام الحق چیف سلیکٹر بننے کے لیے رضامند ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر افغانستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے ان کے کہنے پر انضمام الحق کیساتھ معاہدہ ختم کر دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں کہ کوچ باہر سے ہی ہو، ہم سب کو لینے کے لیے تیار ہیں۔ کچھ غیر ملکی کوچز سے بات ہوئی ہے، کئی ایک راضی بھی ہیں۔ کوچ کے حوالے سے جلد کوئی فیصلہ کر لیں گے۔ شہر یار خان نے کہا کہ بہت جلد آرمی کے ساتھ ایبٹ آباد میں بوٹ کیمپ لگایا جائے گا جس کے بعد فوراً بعد ٹیم انگلینڈ روانہ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا ان کی خواہش ہے کہ نیشنل اکیڈمی خود مختار ہو۔ محمد اکرم کی جگہ مشتاق احمدکو نیشنل اکیڈمی کا ہیڈ کوچ بنایا جائے گا۔ بائیو مکینیکل لیب شروع ہو گیا ہے اور آٹھ سال سے بے کار پڑی مشینوں کو ٹھیک کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کرکٹ کمیٹی میں صرف کرکٹرز شامل ہوں گے جو کرکٹ کے حوالے سے تمام معاملات پر بورڈ کی رہنمائی کرے گی۔ دریں اثنا انضمام الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان کیلئے اہم ذمہ داری ملنے پر بہت خوشی ہے۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ کیلئے کام کرنے کی اجازت دینے پر افغانستان بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ انضمام الحق نے کہا انہوں نے بورڈ کو سلیکشن پینل کیلئے نام دے دیے ہیں جنہیں بورڈ نے تسلیم کر لیا ہے۔ سلیکشن پینل میں ایسے لوگ رکھے ہیں جو فرسٹ کلاس کرکٹ سے تعلق رکھتے ہوں۔ توصیف احمد، وجاہت اللہ واسطی اور وسیم حیدر میرے ساتھ سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آہستہ آہستہ معاملات کو بہتر کریں گے بشرطیکہ انہیں آزادی سے کام کرنے دیا جائے۔ انہوں نے کہا وہ کپتان کی رائے کو سنیں گے اور اسے اہمیت بھی دیں گے۔ اگر ہم نے کرکٹ کو بہتر کرنا ہے تو سلیکٹرز، کوچز اور کپتان کو ایک پیج پر آنا ہو گا۔ سب ایک پیج پر نہیں ہوں گے تو ایسے مسائل بار بار سامنے آتے رہیں گے۔