پی سی بی چیئرمین شہریار خان کو بھارتی امیگریشن حکام نے کولکتہ ایئر پورٹ پر روک لیا

کولکتہ (سپورٹس ڈیسک)چیئرمین پی سی بی شہر یار خان کو بھارتی امیگریشن حکام نے کولکتہ ایئر پورٹ پر روک لیا بعد میں ’’خصوصی معاملہ‘‘ قرار دے کر باہر جانے کی اجازت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق شہریار خان بھارتی ہم منصب جگ موہن ڈالمیا کے ساتھ پاک بھارت سیریز کے حوالے سے بات چیت کرنے ڈھاکا سے سیدھے کولکتہ پہنچے۔
رات ساڑھے نو بجے نیتا جی سبھاش چندر بوس انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اترنے پر عملے کے حکام نے انہیں روک لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریار خان کو دہلی کے راستے بھارت میں داخل ہونا تھا لیکن وہ مقررہ راستے سے نہیں آئے، اس لیے انہیں بھارت میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
بعد میں وزارت داخلہ کی مداخلت پر انہیں ہوٹل جانے کی اجازت دے دی گئی۔
شہر یار خان کی ڈالمیا سے ملاقات آج دن میں ہو گی اور وہ پاک بھارت سیریز کے لیے بات چیت کرنے کے علاوہ انہیں رواں ماہ زمبابوے سے ہونے والی کرکٹ سیریز کی دعوت بھی دیں گے۔