پی سی بی آفریدی کی خواہش کے آگے جھک گیا‘ عمراکمل کو پہلا ٹی ٹوینٹی کھیلنے کی اجازت

لاہور (92نیوز) پی سی بی نے اپنے ہی قوانین سے یوٹرن لیتے ہوئے عمر اکمل کو نیوزی لینڈ کیخلاف پہلا ٹی ٹونٹی کھیلنے کی اجازت دے کر 92 نیوزکی خبر کی تصدیق کر دی۔ تفصیلات کے مطابق عمر اکمل نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹی ٹوینٹی میچ کا حصہ ہونگے۔ نائنٹی ٹو نیوز نے ایک روز قبل ہی خبر نشر کر دی تھی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں بلے باز کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر لگائی گئی پابندی کو ڈومیسٹک میچوں تک ہی محدود کر دیا اور عمر اکمل پر ایک بین الاقوامی میچ کی پابندی اٹھاتے ہوئے کھیلنے کی اجازت دیدی ہے۔ کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت عمر اکمل پر ایک میچ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
عمر اکمل کو کیویز کیخلاف پہلے ٹی ٹوینٹی میں شامل کر نے کیلئے کپتان شاہد آفریدی نے پی سی بی سے خصوصی درخواست کی تھی جس کے بعد پی سی بی نے قوانین کو بلڈوز کرتے ہوئے یہ قدم اٹھایا اور اب عمر اکمل پر یہ پابندی اٹھا لی گئی ہے۔ بلے باز نے قائد اعظم ٹرافی میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی جبکہ اپنی حرکتوں کی وجہ سے عمر اکمل اکثر اوقات خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں۔